بنوں چھائونی : 8جوان شہید ، 10دہشت گرد ہلا ک

اسلام آباد+ پشاور+ راولپنڈی (خبر نگار خصوصی+نمائندہ خصوصی + بیورو رپورٹ +نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ آئی این پی)  بنوں چھاؤنی پر دہشتگردوں کے حملے کے دوران خودکش دھماکے میں 8 فوجی جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 جولائی کی صبح 10دہشتگردوں کے گروپ نے بنوں چھاؤنی پر حملہ کیا تاہم اس دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی چھاؤنی میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی جس پر دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرا دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے خودکش دھماکے میں 8 بہادر جوان شہید ہوگئے جبکہ کلیئرنس آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا  اور فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں تمام 10 دہشتگرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا کچھ حصہ گرگیا اور اس سے ملحقہ انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار محمد شہزاد، حوالدار ظلِ حسین، حوالدار شہزاد احمد، سپاہی اشفاق حسین، سپاہی سبحان مجید، سپاہی امتیاز خان، سپاہی ارسلان اسلم اور ایف سی کے لانس نائیک سبز علی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کا تعلق ضلع پونچھ آزاد کشمیر، خوشاب، ضلع نیلم آزاد کشمیر، ضلع مظفر آباد آزاد کشمیر، ضلع کرک، ضلع بہاولپور اور لکی مروت سے ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کی یہ گھناؤنی کارروائی حافظ گل بہادر گروپ نے کی ہے جو افغانستان سے کام کرتا ہے، یہ گروپ ماضی میں بھی پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کرتا رہا ہے۔ افغانستان کی عبوری حکومت ایسے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرے۔ افغانستان سے آنے والے ان خطرات کے خلاف مناسب سمجھے جانے والے تمام ضروری اقدامات کریں گے جبکہ مسلح افواج دہشتگردی کی اس لعنت کے خلاف مادر وطن اور اس کی عوام کا دفاع کرتی رہیں گی۔ صدر مملکت آصف علی زرز داری، وزیر اعظم شہبازشریف نے بنوں چھاؤنی پر ایک بڑا دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں کینٹ میں دہشت گردی کے واقعہ کی پر زور مذمت، شہید جوانوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں نے بروقت کارروائی کر کے قوم کو بڑے نقصان سے بچا لیا۔ صدر مملکت نے کہاکہ پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں کی قربانی پر فخر ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ دہشت گرد عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔ صدر مملکت نے شہداء کیلئے بلندی درجات، لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیر اعظم نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے دس دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کی تعریف کی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بنوں چھاؤنی میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج اور فرنٹئیر کانسٹیبلری کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ہم حملے میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر اور جری جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہبازشریف نے کہاکہ دہشت گردی کے عفریت کو مکمل ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔ دریں اثناء چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی‘ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کے بنوں چھاؤنی پر بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی‘ راجہ پرویز اشرف نے حملے میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے 8 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ قوم کے بہادر جوانوں نے جان دے کر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ خاک میں ملایا اور 10 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ محسن نقوی نے کہا اتحاد سے دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور دیگر سکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کڑی شموزئی  ڈیرہ اسماعیل خان میں دیہی مرکزِ صحت پر دہشگردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گرد پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ وزیر اعظم نے شہادتوں پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے شہداء کیلئے مغفرت اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے دہشتگردی کی عفریت کو ختم کرکے دم لیں گے، پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ معصوم بچوں اور عورتوں پر حملہ کرنے والے بزدل دہشتگرد عناصر کی پشت پناہی کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گرد پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے بنوں چھاؤنی پر دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بنوں کو بڑی تباہی سے بچا لیا‘ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بنوں کینٹ میں دہشتگردوں کے خود کش حملے کے نتیجے میں شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہونے والے پاک فوج کے 8 جوانوں، نائب صوبیدار محمد شہزاد شہید (عمر 44 سال، ساکن ضلع پونچھ، آزاد کشمیر)،  حوالدار شہزاد احمد شہید (عمر 28 سال، ساکن ضلع نیلم، آزادکشمیر)،  حوالدار ظل حسین شہید (عمر 39 سال، ساکن ضلع خوشاب)، سپاہی ارسلان اسلم شہید (عمر 26 سال، ساکن ضلع بہاولپور)،  سپاہی اشفاق حسین خان شہید (عمر 30 سال، ساکن ضلع مظفرآباد، آزاد کشمیر)،   سپاہی سبحان مجید شہید (عمر 22سال، ساکن ضلع مظفرآباد، آزاد کشمیر)، سپاہی امتیاز خان شہید (عمر30سال، ساکن ضلع کرک) اور فرنٹئیر کانسٹبلری کے لانس نائیک سبز علی خان شہید (عمر34سال، ساکن ضلع لکی مروت) کی نماز جنازہ بنوں کنٹو نمنٹ میں ادا کر دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق شہداء  کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسروں، عوام، شہداء  کے رشتہ داروں اور جوانوں  کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہداء کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مادرِ وطن سے دہشتگردی کی لعنت اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ جب کہ شہداء کی یہ عظیم قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔ خیبر پی کے  میں دہشتگردوں کی ایک اور کارروائی میں پانچ بے گناہ شہری شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) دہشتگردوں نے 15 اور 16 جولائی کی درمیانی شب ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) کڑی شموزئی پر بزدلانہ حملہ کیا اور RHC کے عملے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو لیڈی ہیلتھ ورکرز، دو بچے اور ایک چوکیدار سمیت پانچ بے گناہ شہری شہید ہو گئے۔ آر ایچ سی میں کلیئرنس آپریشن کے لیے اردگرد میں موجود سکیورٹی فورسز کو فوری طور پر متحرک کیا گیا، فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران نائب صوبیدار محمد فاروق (عمر 44 سال، ساکن ضلع نارووال) اور سپاہی محمد جاوید اقبال (عمر 23 سال، ساکن ڈسٹرکٹ خانیوال) بھی شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے علاقے کی صفائی کی جا رہی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق معصوم شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے والے اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بنوں چھاؤنی پر دہشتگرد حملہ کی مذمت کی اور حملے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بیان میں کہا دہشتگردوں کی جانب سے مسلسل افغان سرزمین کا استعمال تشویشناک عمل ہے۔ افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں ایسے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرے۔نائب صوبیدار محمد فاروق،  سپاہی محمد جاوید اقبال  کی نماز جنازہ ڈی آئی خان میں ادا کر دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء  کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسروں، جوانوں، عوام اور شہداء  کے رشتہ داروں نے شرکت کی۔ شہداء  کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ جہاں ان کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مادر وطن سے دہشتگردی کی لعنت اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی اور شہداء  کی یہ عظیم قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے  بنوں کینٹ پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں  انہوں نے بزدلانہ حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین  پیش کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے  بنوں چھاؤنی پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشتگرد حملہ ناکام بنانے والے فوجی اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں، دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے والے فوجی اہلکار ہمارا فخر ہیں، شہید فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

ای پیپر دی نیشن