لاہور (خصوصی نامہ نگار+این این آئی) ملک بھر میں یوم عاشور آج دس محرم الحرام ( بدھ) کو نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، تمام چھوٹے بڑے شہروں میں شبیہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوںگے، لاہور میں گزشتہ رات شبیہہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہو گیا۔ مجالس عزا برپا ہوں گی جن میں شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کا ذکر کیا جائے گا، تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے یوم عاشور پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں، موبائل سروس جزوی معطل رکھی جائے گی جبکہ ڈبل سواری پر بھی پابندی ہو گی۔ علاوہ ازیں لاہور کے دیگر مقامات پر شبیہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوں گے جس میں شریک عزادار ماتم اور زنجیر زنی کریں گے اور یہ جلوس بھی اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے مقررہ مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے۔ جلوسوں کے راستوںمیں آنے والی مارکیٹیں بند رہیں گی اور چھتوں پر سنائپرز کو تعینات کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں نویں محرم الحرام کی مناسبت سے لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں جلوس نکالے گئے اور مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور میں 9ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلامپورہ سے برآمد ہوا جو کہ روایتی راستوں اسلام پورہ بازار، سیکرٹریٹ اور پرانی انارکلی سے ہوتا ہوا خیمہ سادات پر اختتام پذیر ہوا۔ علاوہ ازیں پنجاب میں (آج) دسویں محرم الحرام کو موبائل سروس جزوی طور پر بند رہے گی۔ کسی بھی شہر میں مکمل طور پر موبائل سروس معطل نہیں کی جائے گی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، سیالکوٹ، اٹک، جہلم اور چکوال میں سروس بند نہیں ہوگی۔ ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ اور چنیوٹ میں موبائل سروس بحال رہے گی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق گوجرانوالہ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور بھکر میں جزوی طور پر موبائل سروس معطل ہوگی، منڈی بہاء الدین، وزیرآباد اور راجن پور میں بھی جزوی طور پر موبائل سروس بند ہوگی۔ فیصل آباد، بہاولنگر اور حافظ آباد میں بھی جزوی طور پر موبائل سروس معطل ہوگی۔شبیہہ ذوالجناح کے مرکزی جلوس سے پہلے نثار حویلی میں مجالس عزا ہوئیں جن میں ذاکرین اور علماء کرام نے حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ بیلہ برادرز نے قدیمی مرثیہ پڑھا۔ نثارحویلی سے نکلنے والا شبیہہ ذوالجناح کا یہ جلوس اپنے قدیمی راستوں سے گزرتا ہوا اذان فجر کے وقت چوک نواب صاحب پہنچا۔ جہاں ماتم اور زنجیر زنی ہوئی۔ قبل ازیں نویں محرم الحرام کے سلسلہ میں لاہور میں شبیہہ ذوالجناح کے 79جلوس نکالے گئے جبکہ 378مقامات پر مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا۔
یوم عاشور آ ج ، لاہور میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد
Jul 17, 2024