اسلام آباد(خبرنگار)نسل نو کی تربیت کے لئے دنیا بھر میں اسکاٹننگ سے بہتر کوئی اور فورم نہیں پرائیویٹ اور سرکاری تمام تعلیمی اداروں میں اسکاٹ یونٹ قائم کرکے بچوں کو اچھا شہری بنایاجائے ان خیالات کااظہار وفاقی سیکرٹری وزارتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت محی الدین احمدوانی نے اسلام آباد بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام ایک روزہ کمشنرز فورم کی افتتاحی تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جماعت پنجم تک کے امتحانات کو ختم کرنے کا مقصد بھی یہی تھا کہ ابتدا سے بچوں کو امتحانات کے ڈر اور رٹے کے نظام سے نکال کرزندگی کی وہ مہارتیں سیکھائی جائیں جس سے وہ معاشرے کا مفید و کارآمد شہری بن سکیں۔انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں ان تمام سنئیر اسکاٹس کے ساتھ رابطہ کرکے اس تحریک میں شامل کرنے کی ہدایات بھی دیں جو اب مختلف شعبوں کے ذمہ دار ہیں۔اسلام آباد بوائے اسکاٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی کمشنر طارق علیم گِل نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے چارسالہ رپورٹ پیش کی جس میں اسکاٹس میں کیمپنگ، ہائیکنگ، ایمرجنسی ریسپانس، ٹری پلانٹیشن،فرسٹ ایڈ و سیلف ڈیفنس کی تربیت، ہسپتال سروس، ٹریفک کنٹرول اور دیگر سرگرمیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے زور دے کرکہا کہ اب یہ تمام سرگرمیاں ہر تعلیمی ادارے میں اسکاٹس یونٹس بنا کرکی جائیں گی۔کانفرنس میں سنئیراسسٹنٹ صوبائی کمشنرنجم الدین قریشی، صوبائی سیکرٹری محمد یونس باجوہ، ڈویژنل کمشنرومرکزی صدرپرائیویٹ سکولز نیٹ ورک ڈاکٹرمحمد افضل بابر، ڈائریکٹرفیڈرل کالج آف ایجوکیشن ڈاکٹرسمعیہ رحمان ڈوگر، کوارڈینیٹر کمشنر فورم زاہد محبوب، عبدالستارگِل، تمام ضلعی کمشنرز اور دیگر اسکاوٹس لیڈرز نے بھی شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی نے آئی بی ایس اے ہیڈکوارٹرز میں پودا لگا کرشجر کاری مہم کا بھی افتتاح کیا نیز 200کے قریب بوائز و گرلز اسکاٹس کے لگائے ہوئے کیمپس کا بھی دورہ کیا۔ آخر میں سابق نیشنل سیکرٹری و سنئیر اسکاٹ قاضی ظہورالحسن نے اپنے ہاتھ سے بنائی ہوئی پینٹنگ مہمانِ خصوصی کو پیش کی