لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس 19 سے 22 جولائی تک کولمبو میں ہوگا۔سری لنکا کرکٹ نے آئی سی سی کی سالانہ میٹنگز کی تفصیلات جاری کردیں، کونسل کی سالانہ میٹنگ کا انعقاد پہلی بار ایشیا میں ہوگا۔سری لنکن کرکٹ کے مطابق آئی سی سی اجلاس میں 108 رکن ممالک کے 220 ارکان شرکت کریں گے، جس میں کرکٹ کی لاس اینجلس اولمپکس 2028ء میں شرکت کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی مشاورت سے فروری مارچ میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کیلئے بجٹ کو حتمی شکل دیدی ہے۔ بجٹ کی تیاری آئی سی سی کے چیف فنانس آفیسر انکور کھنہ اور پی سی بی کے چیف فنانس آفیسر جاوید مرتضیٰ نے کی تھی۔ 19 جولائی کو کولمبو، سری لنکا میں شروع ہونے والے آئی سی سی کے سالانہ اجلاسوں میں بجٹ پر توجہ مرکوز کی جائیگی۔ان اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی اور سی ای او سلمان نصیر کریں گے جو 18 جولائی کو کولمبو روانہ ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا بجٹ 22 جولائی کو ان اجلاسوں کے دوران منظوری کیلئے مقرر ہے۔آئی سی سی اور پی سی بی کی مشاورت سے تیار کیا گیا بجٹ، 22 جولائی کو منظوری کیلئے ایجنڈے میں واحد آئٹم ہے۔اس دن کیلئے ہائبرڈ ماڈل یا ضمنی یا ہنگامی بجٹ پر بات چیت سمیت کوئی دوسرا مالیاتی فارمولہ طے نہیں کیا گیا ہے۔ پاکستان 19 فروری سے 9 مارچ تک آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے والا ہے۔ تیاری میں پچز اور گراؤنڈز آئی سی سی کیوریٹر اینڈی ایٹکنسن کی فراہم کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق تیار کیے جا رہے ہیں۔اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی 2025ء کیلئے پاکستان کی مشاورت سے بنایا گیا بجٹ پیش کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے ایک وفد کا انتظامات کا جائزہ لینے ستمبر اور اکتوبر میں پاکستان کے دورے کا امکان ہے، ایونٹ انسپکشن ٹیم میں ایونٹ منیجرز ہوں گے۔ذرائع کے مطابق ئی سی سی کے تین مختلف وفود اب تک چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں پاکستان آچکے ہیں، آئی سی سی معمول کے مطابق ایونٹس کی میزبانی والے ملک میں انسپکشن کرتی ہے۔
چیمپئنز ٹرافی، پاکستان نے بجٹ کو حتمی شکل دیدی، آئی سی سی اجلاس میں پیش کیا جائیگا
Jul 17, 2024