آئی جی پنجاب کا دورہ کنٹرول رومز ‘ عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیا

Jul 17, 2024

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور عشرہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ و نگرانی کیلئے مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں۔اسی تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 9 ویں محرم الحرام کو محکمہ داخلہ اور پنجاب پولیس کے سنٹرل کنٹرول رومز کا دورہ کیا۔آئی جی پنجاب نے کنٹرول رومز سے مرکزی عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب نے پانڈو سٹریٹ سے برآمد مرکزی عزاداری جلوس کی مانیٹرنگ بھی کی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ مختلف اضلاع میں نویں محرم کے تمام مرکزی عزاداری جلوس پرامن طور پر اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں۔پنجاب پولیس صوبہ بھر میں مجالس اور عزاداری جلوسوں کے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنارہی ہے۔ پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہے، عوام کو مجالس اور جلوسوں کے پر امن انعقاد اور عبادات کیلئے پر امن ماحول اور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، آئی جی پنجاب نے سیف سٹی آپریشنز سینٹر کے سنٹرلائزڈ سسٹم کے تحت صوبہ بھر کے عزاداری جلوسوں کی براہ راست مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی کے فرائض بھرپور تندہی و فرض شناسی کیساتھ ادا کئے جائیں، شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔مجالس اور جلوسوں میں شریک عزاداروں کی مدد، راہنمائی اور تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

مزیدخبریں