لاہور(نامہ نگار)سی سی پی اولاہور نے پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ میں نویں محرم الحرام کی مجالس و عزاداری جلوسوں کے روٹ کا دورہ کیا۔انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔سی سی پی او لاہور نے جلوس کے روٹ پر سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس محرم الحرام میں قیام امن کیلئے پر عزم ہے۔مجالس اور جلوسوں کے روٹس کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ نویں محرم الحرام کی سکیورٹی کیلئے لاہور پولیس پوری طرح الرٹ ہے۔ کنٹرول رومز، سیف سٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں سے مجالس اورجلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ یقینی بنائی جارہی ہے۔ جلوسوں کے روٹس، ملحقہ عمارتوں سمیت تمام راستوں پر سکیورٹی عملہ فرض شناسی سے فرائض ادا کر رہا ہے۔ مجالس اورماتمی جلوسوں کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔ عشرہ محرم الحرام کی مجالس و جلوسوں کے شرکاء کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ جلوس کے شرکاء کو تین درجاتی حصار پر مبنی حفاظتی سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ مجالس اور جلوسوں کے شرکاء کی سکیورٹی کو واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز سمیت جدید آلات سے یقینی بنایا جا رہا ہے۔