لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے مالی سال 2027-28تک برآمد ات کا 60 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنے کیلئے برآمدی ٹیرف کی درستگی کے اقدامات کا خیر مقدم کرتے کہا کہ سٹیک ہولڈرز کو مشاورت میں شامل کئے بغیر نتائج کا حصول ممکن نہیں ۔حالیہ بجٹ میں جن فیصلوں کا نفاذ کیا گیا ان کی وجہ سے برآمدات کا حجم بڑھنے کی بجائے سکڑنے کے وسیع امکانات پیدا ہو ئے ہیں۔ پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرزایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف ، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان ، عبداللطیف ملک ، ریاض احمد، میجر (ر) اختر نذیر ، شاہد حسن شیخ اور سعید خان نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ذیلی کمیٹیوں میں مینو فیکچررز اور برآمدکنندگان کو بھی شامل کر کے ان سے مشاورت اور تجاویز لی جائیں۔ امید ہے کہ وفاقی وزراء‘ وزیر اعظم شہباز شریف کو برآمد کنندگان پر عائد ہونے والے ٹیکسز سے پیدا ہونے والی مشکلات سے آگاہ کریں گے۔
سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر برآمدی ہدف کا حصول ناممکن:عثمان اشرف
Jul 17, 2024