لاہور (خصوصی نامہ نگار)شہدا ئے اسلام کی قر بانیاں اُمت کو دین اسلام کیلئے ہر وقت ہر قربانی دینے کا درس دیتی ہیں۔ حضرت حسن اور حضرت حسینؓ و دیگر صحابہ کے کردار ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ آج کردار حسینؑ کو عام کر نے کی ضرورت ہے۔ اسلام کے نفاذ کے بغیر ملک بحرانوں سے آزاد نہیں ہو سکتا ہے ، واقعہ کر بلا ہمیں حق کیلئے جدوجہد کر نے اور اُمت کومتفق کر نے کا درس دیتا ہے ۔ دین اسلام کے خلاف سازشیں آج تک جار ی ہیں ‘انکا مقابلہ اتحاد امت سے کیا جا سکتا ہے۔ یہ باتیں جے یو آئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے جامع مسجد صدیق اکبر محبت پور‘جامعہ علی مرتضیٰ اور مختلف مقامات پرکردار شہدائے اسلام و کربلا اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ ان اجتماعات سے مولانااسماعیل شاہ کاظمی، مولانا قاری یٰسین‘ مولانا شمس الحق حسنی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔مولانا محمدامجدخان نے مزید کہا کہ جے یوآئی نے قیام امن اور مسالک کے در میان ہم آہنگی کیلئے ہمیشہ کر دار ادا کیا آئندہ بھی کرتی رہے گی۔