سیدنا امام حسینؑ نے انسانیت کی بقا کیلئے عظیم قربانی دی:شبیر احمد صدیقی  

 لاہور (خصوصی نامہ نگار)نوجوانان جنت کے سردار سیدنا امام حسین ؑ کے یوم شہادت کی مناسبت سے تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ پر محفل ذکرونعت‘ شان سیدناامام حسینؑ کا خصوصی طور پر اہتمام کیا گیا۔ نامور نعت خوانوں نے بارگاہ خاتم النبیین اور بارگاہ سیدنا امام حسین ؑ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔تنظیم کے صدر صاحبزادہ پیر شبیراحمد صدیقی نے کہا امام حسینؑ نے دین حق کی سربلندی اور انسانیت کی بقاء کیلئے عظیم قربانی دی، آپؑ کی تعلیمات حق و سچ پر ڈٹ جانے کا درس دیتی ہیں، سیدنا امام حسینؑ ؑ اور آپ کے خاندان نے کربلا میں اللہ رب العزت کی رضا کیلئے سب کچھ قربان کردیا۔  آج ہمیں معاشرے میں سیدنا امام حسینؑ کی عظیم قربانی کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرتے ہوئے امن ومحبت کے فروغ کیلئے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ محفل نعت میں صاحبزادہ پیر طہور احمد نقشبندی، صاحبزادہ پیر محمد طاہر نقشبندی، صاحبزادہ پیر محی الدین نقشبندی، پیر الطاف حسین نقشبندی ودیگر نے سیدنا امام حسینؑ اور اہل بیت کو خراج عقیدت پیش کیا۔ 

ای پیپر دی نیشن