لاہور (خصوصی نامہ نگار) سجادہ نشین حضرت امیر ملت مہرالملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے شہدائے کربلا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا امام حسینؓ نے پورے خاندان کی قربانی دیکر اسلام اور انسانیت بچا لی اور ظالم سے نفرت کرنے کا حکم دیا ہے۔کربلا صبر اور بے مثال شہادتوں کی عظیم داستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا امام حسینؓ کی تعلیمات انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں۔ محرم الحرام ہمیں امن، بھائی چارے، قربانی اور سامراجی قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ واقعہ کربلا اسلامی تاریخ کا وہ باب ہے جس کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ ان کی تعلیمات پر عمل پیراہو کر فرقہ واریت پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ امت مسلمہ پر مشکلات اور پریشانیوں کی بڑی وجہ دین اور اسلامی تعلیمات سے دوری ہے، لہٰذا پوری قوم کو چاہئے کہ وہ اسوہ حسینی پر عمل پیرا ہو اور دوست ودشمن میں فرق کو پہچانتے ہوئے ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے کرپشن، چور بازاری، لوٹ مار اور نا انصافی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور اپنے حق کیلئے آواز بلند کرے۔
محرم امن‘ سامراجی قوتوں کے سامنے ڈٹنے کا درس دیتا ہے: پیر منور جماعتی
Jul 17, 2024