عاشورہ کے جلوس روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے مقررہ مقام پر پہنچنے کے بعد اختتام پذیر

ملک بھر میں 10 محرم الحرام کے موقع پر چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوگئے۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر ختم

کراچی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر پہنچ کر ختم ہوگیا ۔

مرکزی جلوس برآمد ہونے سے قبل نشتر پارک میں مرکزی مجلس ہوئی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔

مجلس کے اختتام پر مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جلوس نمائش چورنگی اور ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا تبت سینٹر پہنچا، جہاں نماز ظہرین ادا کی گئی، اس کے بعد جلوس کے شرکاء نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کرتے ہوئے ایم اے جناح روڈ پر آئے، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، وزیر بلدیات سعید غنی کے ہمراہ جلوس کی گزرگاہوں کا دورہ کیا، ایم کیو ایم کے وفد نے بھی جلوس میں شرکت کی۔

لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم

لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا یوم عاشور کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہو گیا۔

جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 10 ہزار سےزائد پولیس اہلکار تعینات تھے، سیف سٹی اور ضلعی انتظامیہ کے ایک ہزار سے زائد کیمروں سے بھی جلوس کی مانیٹرنگ کی گئی۔

جلوسِ عاشورہ میں گرمی سے 200 عزاداروں کی حالت غیر

جلوس میں موجود جلوسِ عاشورہ میں گرمی سے 200 عزاداروں کی حالت خراب ہو گئی۔

ڈاکٹر شاہد رسول کے مطابق جناح اسپتال کے کیمپ میں دوپہر ایک بجے تک 200 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے، شہری شدید گرمی میں ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں، شہری باہر نکلتے ہوئے گیلا تولیا سر پر رکھیں۔

جلوس کی طرف آنے والی سڑکیں اور گلیاں کنٹینر رکھ کر بند ہیں جبکہ ایم اے جناح روڈ جزوی طور پر کھلا ہوا ہے، پولیس اور رینجرز جلوس کے روٹ پر موجود ہیں۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوس کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، بلند عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کی نفری اور اسنائپر تعینات ہیں۔

سی ای او ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق جلوس کی گزرگاہوں پر ریسکیو 1122 کی 170 ایمبولنس ہیں، ایمبولینسز میں تربیت یافتہ عملہ موجود ہے، طبی کیمپس بھی لگائے ہیں

ای پیپر دی نیشن