سوات متاثرین کے دل و دماغ جیتنے کیلئے بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی : وزیراعلی پنجاب

Jun 17, 2009

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (خبر نگار خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستان میں ناروے کے سفیر رابرٹ کیوائل (Robert Kvile) نے ایوان وزیر اعلیٰ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور‘ تجارتی و اقتصادی تعاون اور سوات متاثرین کی بحالی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناروے پاکستان کا دوست ملک ہے جس نے معاشی و سماجی ترقی کے لئے ہمیشہ بھرپور معاونت فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے ایک خودمختار سرمایہ کاری بورڈ قائم کیا گیا ہے اور وہ پنجاب و ناروے کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لے گا اور اس مقصد کے لئے پنجاب اور ناروے کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے مشترکہ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے پاکستان کو درپیش مسائل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مشرف کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک کو آج سنگین چیلنجز کا سامنا ہے لیکن پوری قوم ان چیلنجز سے نمٹنے اور دہشت گردی و شدت پسندی کی روک تھام کے لئے متحد ہے اور ہم اتحاد کی قوت سے ملک سے شدت وعسکریت پسندی کے خاتمے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ سوات‘ بونیر اور دیگر علاقوں سے لوگ اپنے گھر بار چھوڑ کر خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں لیکن پوری قوم اپنے متاثرہ بھائیوں کی امداد و بحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوات آپریشن کے خاتمے کے بعد متاثرین کی دوبارہ اپنے گھروں میں آبادکاری اصل مسئلہ ہے اور ہمیں ان کے دل و دماغ جیتنے کے لئے انہیں سماجی و معاشی انصاف اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہو گا۔ ناروے کے سفیر رابرٹ کیوائل نے کہا کہ ناروے پاکستان سے تجارتی تعلقات بڑھانے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہا ہے۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے میں ایلیٹ فورس کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اس مقصد کے لئے اسے نہ صرف جدید آلات سے لیس کیا جا رہا ہے بلکہ بہترین تربیتی کورسز کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ایلیٹ ٹریننگ سکول کی استعداد کار کو بڑھا کر دوگنا کرنے کی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ جوان سکول سے معیاری اور جدید تربیت حاصل کر سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے ایلیٹ فورس کے لئے 40 فیصد خصوصی الائونس بحال کرنے کی بھی ہدایت کی۔ یہ بات انہوں نے ایوان وزیر اعلیٰ میں ایلیٹ ٹریننگ سکول کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایلیٹ فورس کے لئے وضع کردہ قواعد و ضوابط (SOP) پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے اور سکول میں تربیت حاصل کرنے والے جوانوں کے کوائف کی جانچ پڑتال مؤثر طریقہ سے کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایلیٹ فورس کے الائونس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور اسے دیگر سہولتیں بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام پولیس افسران اپنے اپنے علاقوں میں خود گشت کریں اور چیکنگ کا بھی فول پروف نظام اپنایا جائے۔ انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ایلیٹ سکول میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے لئے فنڈز فوری طور پر مہیا کریں۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ سے سینیٹر سلیم سیف اللہ خان نے ملاقات کی جس کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال‘ متاثرین کی امداد اور دیگر قومی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ سے ڈپٹی میئر مشہد میونسپلٹی انجینئر ہوشانگ خندا ن دل (ENGINEER HOUSHANG KHANDON DIL) ٰکی قیادت میں 10 رکنی ایرانی وفد نے بھی ایوان وزیر اعلیٰ میں ملاقات کی اور انہیں اپنے دورہ لاہور کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون اور صوبائی محکموں سے اجلاسوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر میٹرو ٹرین سسٹم‘ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ‘ پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی اور دیگر مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے وضع کردہ ایکشن پلان پربھی دستخط کئے گئے۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ایرانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورہ ایران کے دوران عوام نے جس محبت و خلوص کا مظاہرہ کیا وہ اسے کبھی بھلا نہیں پائیں گے۔ وفد کے سربراہ نے کہا کہ ایرانی وفد کے دورہ لاہور سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
مزیدخبریں