ارکان اسمبلی ‘ شائقین کرکٹ کا قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ‘ کپتان‘ سلیکشن کمیٹی سے استعفیٰ کا مطالبہ

لاہور (اے پی پی) پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت کے ہاتھوں شکست پر اراکین اسمبلی، شائقین کرکٹ اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق ،کوچ ڈیو واٹمور اور سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اور اراکین سمیت دیگر عہدیداروں کے استعفی کا مطالبہ کردیا ۔انہوں نے کہاکہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی ٹیم کوئی میچ بھی جیت نہ سکی اور روایتی حریف بھارت کے خلاف بھی اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ شیخوپورہ سٹیڈیم ٹرسٹ کے ممبر و رکن پنجاب اسمبلی رانا علی سلمان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اسکے بلے بازوں نے کلب کرکٹر کی طرح بیٹنگ کی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ٹیم کی بری پرفارمنس نے ہر پاکستانی کو مایوس کیا ہے۔ پاکستان کی بدترین کارکردگی کے بعد ٹیم کے کپتان ،کوچ اور سلیکشن کمیٹی کو اپنے عہدوں پر براجمان رہنے کا کوئی حق نہیں ہے اور انہیں خود ہی اپنے عہدوں سے استعفی دے دینا چاہئے۔ ایم این اے میاں جاوید لطیف اور قومی ٹیم کے سابق مینجر و رکن پنجاب اسمبلی میاں منیر احمد نے کہاکہ پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی میں مسلسل شکست نے بہت مایوس کیا ۔قومی ٹیم کی شکست کے اسباب کا جائزہ لینے کے لئے غیر جانبدار افراد پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے اور اسکی رپورٹ پر فوری ایکشن کیاجائے ۔شائقین کرکٹ کا کہنا تھا کہ ٹیم میںشاہد آفریدی ،یونس خان اور عبدالرزاق کی عدم شمولیت شکست کا باعث بنی ۔ ان کو ٹیم سے ڈراپ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے ۔ ٹیم کے کپتان اور پوری مینجمنٹ کو اپنے عہدوں سے استعفی دے دینا چاہئے ۔ پاکستان ٹیم کے کھلاڑی ملک کے لئے نہیں کھیلتے بلکہ صرف اپنی ذات کے لئے کھیلتے ہیں ۔انہیں ملک کی عزت کا کوئی احساس نہیں ہے پاکستان کی شکست پر صوبائی دارلحکومت لاہور میں متعدد مقامات پر شائقین کرکٹ نے احتجاج بھی کیا اور پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...