لاہور+ آٹھ مقام (ثناءنیوز+ این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی نے کوئٹہ میں ہونیوالے دہشتگردی کے واقعات کےخلاف قومی اسمبلی اور سینٹ میں بھرپور احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔ ملک کے حالات جس قسم کے بھی ہوں ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے مسلم لیگ ن کی حکومت کو جس قسم کے تعاون کی ضرورت ہو گی ہم بھرپور تعاون کریں گے۔ کوئٹہ میں شہید ہونیوالی طالبات اسی راستے کی مسافرہ بن گئیں جس راستے پر چلتے ہوئے محترمہ بینظیر بھٹو نے جان دی۔ ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی کی مرکزی راہنما و رکن قومی اسمبلی فریال تالپور نے پیپلزپارٹی کے عہدیداروں سے خصوصی بات چیت کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہم نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں اس دہشتگردی کے خاتمے کے لئے لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم منصوبے شروع کئے، امید ہے کہ موجودہ حکومت ملک و قوم کے بہترین مفاد میں اسے جاری رکھے گی۔ فریال تالپور نے کہا کہ پیپلزپارٹی کوئٹہ میں ہونیوالی دہشتگردی کے واقعات کیخلاف قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاسوں میں فلور آف دی ہاﺅس شدید احتجاج کرے گی۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما، آزاد کشمیر کے سیاسی امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور نے اپنے نجی دورہ نیلم کے دوران سیاحتی مقام کیرن میں عوام وفود پارٹی ورکرز عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے جو پورے ملک میں ہر گھر میں موجود ہے۔ وزیر تعلیم میاں عبدالوحید کی عوامی مقبولیت پیپلز پارٹی کی مقبولیت ہے۔ پاکستان اور پیپلز پارٹی لازم و ملزوم ہیں۔ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی آئینی مدت کے دوران کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دی جائیگی۔