اسلام آباد (آن لائن+ این این آئی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کردیا۔ امیدہے صوبائی حکومتیں بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں گی ،ہرقسم کی آمدن پر ٹیکس لاگو ہونا چاہئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت مہنگائی پرقابوپانے کیلئے اقدامات کررہی ہے ،بیشترٹیکسزاگلے دن سے ہی لاگوہوجاتے ہیں جوقانونی عمل ہے، معاف کئے گئے قرضوں کی ریکوری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا جی ایس ٹی میں صرف ایک فیصداضافہ کیا، وزراءاور وزراءاعلیٰ کے صوابدیدی فنڈز کو ختم کر دیا گیا ہے، اخراجات پرکٹ لگایا گیا ہے اورکفایت شعاری کو اپنایا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ کالاباغ ڈیم اتفاق رائے سے بننا چاہئے، ملکی مفاد میں فیصلے ہونے چاہئیں، فیڈریشن کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے۔ این این آئی کے مطابق ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا گردشی قرضوں کے خاتمے سے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔