کراچی (کرائم رپورٹر+ ایجنسیاں) کراچی کے مختلف علاقوں میں اتوار کے روز فائرنگ کے واقعات میں متحدہ کے کارکن اور طالبان کمانڈر سمیت 10 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ شاہراہ فیصل پر فضائیہ کے ائر بیس کے قریب دستی بم حملے میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شام موٹرسائیکل سوار افراد نے شاہراہ فیصل پر پاک فضائیہ کے فیصل بیس کے باہر دستی بم پھینک دیا جس سے سکیورٹی پر متعین 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔ جنہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا اور فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق شرپسندوں نے پی اے ایف بیس کے باہر کریکر سے حملہ کیا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرکے صورتحال پر قابو پالیا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تفتیش جاری ہے۔ زخمی اہلکاروں کو مرہم پٹی کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ دریں اثناءگزشتہ روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے ایم کیو ایم کے کارکنوں امجد علی اور عظیم بیگ کو گزشتہ روز گڈاپ اور بلدیہ ٹاﺅن میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ادھر بلال کالونی نیو کراچی سیکٹر فائیو ای میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اتوار کے روز متحدہ کا کارکن اظہر ہلاک ہو گیا جبکہ نامعلوم افراد نے طالبان تحریک کے علاقائی کمانڈر 50 سالہ شیر عالم عرف شیر کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد نعش منگھو پیر کے علاقے میں پھینک دی۔ پولیس کے مطابق شیر عالم کو اس کے ساتھیوں نے ہلاک کیا۔ مقتول نے منگھو پیر ، سلطان آباد اور کنواری کالونی میں مجرموں کا نیٹ ورک بنا رکھا تھا۔ وہ پولیس اہلکاروں کے قتل اغواءبرائے تاوان کی وارداتوں میں بھی ملوث تھا علاوہ ازیں لانڈھی میں مرتضیٰ چورنگی کے نزدیک بھی رات گئے دوگروپوں کے درمیان فائرنگ سے تین افراد ہلاک اور دو افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو کی شناخت یوسف اور عبدالصمد کی حیثیت سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والے افراد جان بچانے کیلئے شادی کی ایک تقریب میں بھی گھسے تاہم مسلح افراد نے انہیں وہاں بھی نہیں چھوڑا۔ دریں اثناء رنچھوڑ لائن میں نامعلوم افراد نے 35 سالہ محمد سلیم کو سعود آباد کے علاقے صاحب دادگوٹھ میں 30 سالہ نوجوان کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا ۔ شیر شاہ میں پرپراچہ چوک سے ایک شخص کی بوری بند لاش ملی جسے تشدد اور فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ مار ی پور پر کے علاقے مشرف کالونی میں مسلح افراد نے 50 سالہ امجد کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا اور گلشن اقبال میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محمد سلیم زخمی ہوگیا۔ سہراب گوٹھ میں الآصف اسکوائرکے نزدیک مسلح افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار 34سالہ اے ایس آئی طالب حسین اور 36سالہ ہیڈ کانسٹیبل علی اکبر زخمی ہوگئے۔ اتحاد ٹاﺅن میں 25سالہ علی رازق کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا گیا جبکہ گارڈن کے علاقے عثمان آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ عاطف رحیم زخمی ہوگیا اور بعد ازاں اس نے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ ادھر سہراب گوٹھ میں محکمہ اوقاف کے پلاٹ پر قبضے کے تنازع پر 2 گروپوں میں شدید فائرنگ ہوئی مشتعل افراد نے 3 گاڑیاں جلا ڈالیں اور پتھراﺅ کرکے کئی کے شیشے توڑ دیئے۔