کراچی ایئرپوٹ کولڈ سٹوریج میں دم گھٹنے سے ہلاکتوں پر سوموٹو ایکشن کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

Jun 17, 2014

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں کراچی ایئرپورٹ حملے میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کلیئرنس کے بعد کولڈ سٹوریج میں دم گھٹنے سے 7 افراد کی ہلاکت پر سوموٹو ایکشن لینے کیلئے ایک درخواست دائر کر دی گئی۔ آئین کے آرٹیکل 184 کے تحت دائر درخواست میں ایڈووکیٹ ندیم احمد شیخ نے مؤقف اختیار کیا کہ کراچی حملے کے بعد نااہلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایئرپورٹ کو کلیئر کر دیا گیا جبکہ اس غفلت کے باعث کولڈ سٹوریج میں پناہ لینے والے 7 افراد ہلاک ہو گئے ان کی ہلاکت کا مقدمہ تک درج نہیں کیا جا رہا ہے، اب انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کے ادارے عدالتوں سے رجوع نہیں کرنے دے رہے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں جس سے مرحومین کے اہلخانہ شدید خوف اور پریشانی کا شکار ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ اگر عدالتوں سے رجوع کیا گیا تو امدادی رقم بھی نہیں دی جائے گی۔ عدالت عظمیٰ سے استدعا ہے کہ وہ معاملے کا ازخود نوٹس لے اور واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے قرار واقعی سزا دی جائے۔

مزیدخبریں