اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی) عالمی علماء کانفرنس نے فتویٰ دیا ہے کہ پولیو ویکسین میں حرام اجزا شامل نہیں۔ والدین کا فرض ہے کہ وہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں پولیو ورکرز پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں یہ حملے خلاف اسلام ہیں۔ مسلم ممالک میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔ انسداد پولیو مہم کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔ ملک کے طول و عرض میں پولیو ویکسین تک رسائی ممکن بنائی جائے۔ کانفرنس برائے انسداد پولیو مہم کے اختتامی سیشن میں پاکستان، اسلامی دنیا کی مختلف تنظیموں، اسلامک ڈویلپمنٹ بینک، ادارہ اسلامی تعاون (او آئی سی)، الازہر شریف، بین الاقوامی فقہ اکیڈمی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد اور اسلامک ایڈوائزری گروپ آف پاکستان کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کے اختتام پر ’’فتویٰ اسلام آباد ۔ اعلان‘‘ جاری کیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ 57 او آی سی ممالک میں سے 54 ممالک پولیو ویکسین کے ذریعے اپنے ممالک میں پولیو مرض پر قابو پانے میں کامیاب ہو چکے ہیں چونکہ سعودی عرب نے عمرہ کی ادائیگی کو پولیو سرٹیفکیٹ کی شرط سے لازمی بھی قرار دیا ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان پولیو ویکسین کی شفافیت سے متعلق عوام میں شعور اجاگر کریں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی اسلامی ایڈوائزری گروپ کے تحت علماء کرام کے ساتھ گفت و شنید جاری رکھے خصوصاً ان علاقوں میں جہاں پولیو وباء کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ وزارت صحت کو ویکسین پلانے کے لئے پانچ سالہ جامع پلان تشکیل دینے کی درخواست کی گئی اور ڈونر ممالک سے بھی پولیو مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی استدعا کی۔ کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امیر الحسنات نے کہا ہے یہ بات تشویش ناک ہے کہ ایک ایٹمی ملک ہونے کے باوجود پاکستان پولیو جیسے مرض سے چھٹکارہ حاصل نہیں کر سکا، دیگر تمام اسلامی ممالک اس مرض پر قابو پا چکے ہیں‘ علماء کرام ہمارے معاشرے کا معتبر طبقہ ہیں، اس لئے ان سے توقع ہے کہ وہ انسداد پولیو کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گے تا کہ اس حوالے سے عالمی سطح پر ہونے والی بدنامی اور موذی مرض سے نجات ملے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف حکومت نہیں پوری قوم کا فریضہ ہے کہ وہ پولیو کے حوالے سے بین الاقوامی برادری کے خدشات دور کریں، علماء کرام جمعہ کے خطاب میں عوام کو پولیو کے مرض اور اس کے خلاف چلائی جانے والی مہم کی کامیابی کے لئے آگاہی فراہم کریں۔ پولیو کے خاتمے کیلئے ملک بھر میں بھرپور مہم چلائی جا رہی ہے اور وزیر اعظم آفس میں انسداد پولیو کا ایک خصوصی سیل بنا دیا گیا ہے جو چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، جی بی اور فاٹا میں انسداد پولیو مہم کی نگرانی کر رہا ہے اور وزیر اعظم کو اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے مسلسل آگاہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو بارے متفقہ اعلامیہ جاری کرنے کے لئے دنیا بھر سے جو علماء کرام تشریف لائے ہیں ہم ان کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کی پاکستان میں انسداد پولیو کے لئے کاوشوں کو قدر کی نگاہ دیکھتے ہیں۔