لاہور: نامعلوم افراد کی پولیس وین پر فائرنگ‘ سب انسپکٹر جاں بحق‘ 2 ملزم چھڑا لئے

لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ بادامی باغ کے علاقہ میں نامعلوم افراد کی پولیس وین پر فائرنگ سے سب انسپکٹر جاں بحق، کانسٹیبل زخمی ہو گیا، وین میں موجود 2اہلکار محفوظ رہے، پولیس 4ملزموں کا عدالت سے ریمانڈ لیکر واپس تھانے آ رہی تھی کہ بند روڈ پر انکے ساتھیوں نے فائرنگ کر دی اور اپنے 2ملزموں کو چھڑا کر لے گئے جبکہ ان کے  2ساتھی تاحال پولیس کی حراست میں ہیں۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی تاہم واقعہ کے مقدمہ کے اندراج پر تھانہ شادباغ اور تھانہ بادامی باغ کی پولیس علاقہ کی حدود پر ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالتی رہی۔ معلوم ہوا ہے کہ تھانہ شادباغ کے انویسٹی گیشن ونگ کے سب انسپکٹر محمد رفیق بھٹی نے گزشتہ روز متعدد وارداتوں میں ملوث ملزموں اوکاڑہ کے رہائشی عمران عرف چھری، بادامی باغ کے ثاقب، عامر روڈ کے خرم مسیح اور حاجی پارک کے رہائشی سلمان کو عدالت میں پیش کرکے انکا ریمانڈ لیا اور واپسی تھانہ شادباغ آ رہا تھا کہ راستے میں بند روڈ پر نامعلوم افراد نے پولیس وین پر فائرنگ کر دی جس سے سب انسپکٹر محمد رفیق بھٹی جاں بحق ہو گیا جبکہ کانسٹیبل شہزاد زخمی ہو گیا، زخمی ہونے والے کانسٹیبل شہزاد کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ وین میں موجود کانسٹیبل شہزاد اور مشتاق فائرنگ سے محفوظ رہے، حملہ آور وین میں موجود عمران عرف چھری اور ثاقب کو لیکر فرار ہو گئے جبکہ خرم مسیح اور سلمان کو وین میں ہی چھوڑ دیا۔ پولیس رات گئے تک واقعہ کا مقدمہ درج نہیں کر سکی تھی حکام کا کہنا تھا کہ 2ملزم ہماری حراست میں ہیں جن سے تفتیش جاری ہے، فائرنگ کرنے والے ملزمان کا جلد سراغ لگا لیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن