سکھر (نوائے وقت نیوز+ اے پی پی) کراچی سے کوئٹہ جانے والی بولان ایکسپریس کی شکار پور کے نواحی علاقے مدیحی میں 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ حادثے میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ دادو کینال کا بند ٹوٹنے کے باعث پیش آیا۔ ٹرینوں کی آمدروفت معطل ہوگئی۔ دادو کینال کا بند ٹوٹنے سے ریلوے لائن کے نیچے بھی شگاف پڑ گیا جس سے ریلوے لائن کمزور ہوگئی اور صبح گزرنے والی بولان ایکسپریس کا بوجھ نہ سہار سکی اور اس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ حادثے کے ایک گھنٹے بعد ریلوے حکام عملے سمیت پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ٹرین میں 520 مسافر سوار تھے، حادثے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈی ایس ریلوے سکھر کا کہنا ہے کہ سکھر بیراج پر اطلاع دینے کے باوجود دادو کینال کے دروازے ابھی تک بند نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے پانی کا تیز بہائو جاری ہے۔ فرخ تیمور گلزئی نے بتایا کہ ٹریک کمزور ہونے کی وجہ سے ٹرین ڈی ٹریک ہوئی۔ واقعے کی اطلاع دینے کے لئے محکمہ آب پاشی کا چوکیدار بھی موجود نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے تا ہم کراچی سے کوئٹہ کے درمیان ریلوے ٹریک عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔