لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اپنے سالانہ کیلنڈر میں نئے فائیو اے سائیڈ ٹورنامنٹ کا اضافہ کر لیا ہے جس کا آغاز 18 جون سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں فیلڈ لائٹس میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ کو او جی ڈی سی نے سپانسر کیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر، جنرل منیجر او جی ڈی سی عبدالروف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں لاہور لائینز، کراچی شارک، پشاور پینتھرز، کوئٹہ واریئر، اسلام آباد فائیٹر، اور فیصل آباد فالکنز کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ہر ٹیم 12 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی تاہم میچ کیلئے 10 کھلاڑی ہونگے۔ ایک وقت میں پانچ کھلاڑی کھیل سکیں گے۔ روزانہ تین میچ کھیلے جائیں گے، ہر میچ 36 منٹ کا ہوگا جو تین ہاف پر مشتمل ہوگا۔ 12 منٹ کھیل کے بعد تین منٹ کی بریک ہو گی۔ نعامی رقم 2.5 ملین ہے۔ فاتح ٹیم کو سات لاکھ ‘ رنر اپ کو 5 لاکھ، تیسرے نمبرپر 4 لاکھ، چوتھے نمبر پرتین لاکھ، پانچویں نمبرپر دو لاکھ جبکہ آخری پوزیشن والی ٹیم کو ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی۔
انٹرنشینل ہاکی فیڈریشن اور اے ایچ یف کے اجلاسوں میں فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کی بات ہو رہی ہے جلد اس کا ورلڈ کپ کرانے کا بھی پروگرام بنایا جا رہا ہے لہذا مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کو متعارف کرایا ہے۔ جس کا مستقبل میں قومی کھیل کو فائدہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن پاکستان ہاکی لیگ کرانے کا ارادہ رکھتی ہے جس کے لیے غیر ملکی ہاکی فیڈریشنز کے ساتھ بھی معاملات چل رہے ہیں۔ سویٹزر لینڈ ہاکی فیڈریشن کے حکام سے بھی ہماری ملاقات ہوئی ہے جنہوں نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان ہاکی کو انٹرنیشنل مقابلوں سے دور نہیں رکھا جا سکتا۔ اس موقع پر سپانسر ادارے او جی ڈی سی کے جنرل منیجر عبدالروف کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی کو اس کا ماضی واپس دالنے کے لیے ہمارے ادارہ نے قومی کھیل کو سپانسر کیا ہے جلد ہمارا ادارہ اپنی ہاکی ٹیم بنا کر اس میں کھلاڑیوں کو نوکریاں بھی دے رہا ہے۔ پاکستان ہاکی کو جب بھی ہماری ضرورت ہوگی ہم اس کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کیلنڈر ائر میں فائیو اے سائیڈ ٹورنامنٹ کا اضافہ کر لیا
Jun 17, 2016