للی(سپورٹس ڈیسک): فرانسیسی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ یورو کپ کے آغاز سے اب تک پرتشدد واقعات میں ملوث 323 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ للی میں شائقین ایک بار پھر آمنے سامنے آ گئے او پرتشدد جھڑپیں ہوئیں جس کے بعد پولیس نے کم از کم 36 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق للی میںواقعات کے بعد 16 افراد کو ہسپتال میں داخل کیا گیا۔شہر میں زیادہ شائقین سے نمٹنے کی سہولیات نہ ہونے کے سبب شائقین کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ للی چلے جائیں۔فرانسیسی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یورو کپ کے آغاز سے اب تک 323 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں سے 196 کو حراست میں لیا گیا جبکہ آٹھ افراد کو جیل کی سزا سنائی گئی۔فرانس کی پولیس کا کہنا ہے کہ مشتعل ہجوم کو منشتر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جبکہ آگ لگانے پر پولیس نے انگلینڈ کے سینکڑوں مداحوں کا پیچھا کیا۔ جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں چھ کا تعلق روس سے ہے اور وہ مارسے میں ہونے والے تشدد میں بھی ملوث تھے۔جبکہ پانچ افراد کو عوامی سطح پر شراب پینے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا جو لندن سے آنے والی ایک ٹرین میں بیٹھے شراب نوشی کر رہے تھے۔ انگلینڈ کے مداح اولویئر لارک وردھی کا کہنا تھاکہ وہ اس وقت پھنس گئے جب پولیس نے ریلوے سٹیشن کے پاس جمع ہونے والے شائقین پر آنسو گیس کا استعمال کیا۔ سٹیشن کے باہر روسی مداحوں کا زبردست ہجوم تھا جو مشکلات کھڑی کرنے کے انتظار میں تھا۔ بس یہ سب تباہی تھی جسے ہونا تھا۔ بالکل ایسے ہی جیسے کوئی زبردست شے پھٹنے کے لیے تیار ہو۔