لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر): ڈائریکٹر کرکٹ اکیڈمیزاینڈ گیم ڈویلپمنٹ مدثر نذر نے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ انھوں نے کہاکہ دورہ انگلینڈ آسان نہیں لیکن قومی ٹیم سری لنکا سے بہتر کارکردگی دکھائے گی۔پی سی بی ہیڈ کوارٹرز لاہور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مدثر نذر کا کہنا تھا کہ اکیڈمیز کے لئے اس سال کا پلان بنا لیا ہے۔ اگست سے انڈر نائنٹین کرکٹ شروع کی جائے گی۔ امید ہے آئندہ چند سال میں اچھے کرکٹرز دستیاب ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپس بھی لگائے جائیں گے جن میں کھلاڑیوں کی خامیاں دور کرنے اور ان کی کارکردگی بہتر بنانے پر کام ہو گا۔ اکیڈمیز کی بہتری کے لئے لیجنڈ کرکٹرز کو بلا کر مشورے لئے جائیں گے۔