برطانیہ میں لیبر پارٹی کی رکن روزینہ الین خان لندن کے ٹوٹنگ حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں برطانوی ہاوس آف کامنز کی رکن منتخب ہو گئیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ نشست لیبر پارٹی کے رہنما صادق خان کے لندن کے میئر منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔روزینہ خان نے 17 ہزار 800 جبکہ ان کے مخالف حکمران کنزرویٹو پارٹی کے امیدوار ڈین واٹکنس نے 11500 ووٹ حاصل کیے ہیں۔اس حلقے سے لندن کے میئر صادق خان 2005 سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوتے رہے ہیں لیکن روزینہ خان نے صادق خان کے مقابلے میں مخالف امیدوار پر کئی ہزارووٹوں کی برتری حاصل کی ہے۔برطانوی پارلیمان کے انتخابات میں نتائج کے اعلان کے بعد جیتنے والا امیدوار شہریوں سے خطاب کرتا ہے تاہم روزینہ خان نے جمعرات کو ویسٹ یارکشائر میں قتل ہونے والی لیبر پارٹی کی خاتون رکن پارلیمان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یہ خطاب منسوخ کر دیا۔ واضح رہے کہ روزینہ الین خان کے والد پاکستانی جبکہ ان کی والدہ پولش ہیں۔ وہ خود جونیئر ڈاکٹر ہیں جبکہ ان کے والد ٹی وی مکینک اور والدہ پیٹرول سٹیشن پر ملازمت کرتی تھیں۔