اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) کوئٹہ سے چینی جوڑے کے اغواءکے واقعے سے متعلق مزید شواہد سامنے آگئے وزراتِ داخلہ نے اردو اکیڈمی کے مالک جنوبی کوریا کے باشندے کا ویزہ منسوخ کر دیا اغوا واقعے کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والا باشندہ جوآن وان سیو عرف گلبرٹ بزنس ویزے پر پاکستان آیا لیکن یہاں اس نے اردو اکیڈمی قائم کرلی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ کچھ عرصہ قبل چینی باشندوں کو خروٹ آباد کے علاقے سے پولیس نے اپنی تحویل میں لیا اور انکو سیکیورٹی کے حوالے سے نہ صرف خبردارکیا بلکہ انکو سیکیورٹی فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی تاہم ان چینی باشندوں نے سیکورٹی قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ ذرائع وزارتِ داخلہ سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ادارے اس تمام واقعے کے پس منظر اور سوشل میڈیا پر جاری کی گئی اغواشدگان کی تصاویر کا بغور جائزہ لے رہے ہیں تاکہ کسی حتمی نتیجے پر پہنچا جا سکے اور اس بات کی بھی تصدیق کی جا سکے کہ آیا دونوں چینی باشندے واقعی قتل کئے گئے ہیں یا نہیں۔
ویزہ منسوخ
”غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث جنوبی کورین باشندے کا ویزہ منسوخ“
Jun 17, 2017