پشاور(نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف بادشاہ سلامت ہیں ان کیخلاف کوئی نہیں بول سکتا، میاں صاحب کی چوری پکڑ گئی ہے، نوازشریف روز نیا تماشا کھڑا کردیتے ہیں ۔شریف خاندان کی لوٹی دولت بچانے کی فکر میں ہیں۔ نوازشریف کو ملک اور قوم سے کئے سلوک کا حساب دینا ہوگا۔ میاں صاحب کی ترقی کی طرح خان صاحب کی تبدیلی بھی جھوٹی ہے خان صاحب تبدیلی کے وعدے کر رہے ہیں ۔ عمران خان اور نوازشریف دونوں اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار ہیں ڈھول بجائے جا رہے ہیں کہ ہر طرف انصاف کا بول بالا ہے عمران کی تبدیلی ٹویٹر تک محدود ہے۔ پشاور میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ینگ ڈاکٹرز کے ساتھ کھڑی ہے عید کے بعد ڈویژن سطح پر کنونشن منعقد کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں مرحومہ فوزیہ وہاب اور منور سہروردی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پارٹی کیلئے ان کی خدمات کو سراہا اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے مرحوم اور شہید رہنماﺅں کی قربانیوں کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں۔یہ روزانہ قانونی اداروں کو گالیاں دیں تو کوئی بات نہیں، ملک کے حالات سب کے سامنے ہیں۔ بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، حکمران چیلنجز کا سامنا کرنے کی طاقت نہیں رکھتے۔ بادشاہ سلامت کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا پڑا۔ آپ کا کبھی احتساب نہیں ہوا، احتساب تو اب ہوگا، سندھ میں 20، 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ پنجاب اور خیبر پی کے میں بھی یہی صورتحال ہے۔ احتجاج کریں تو چور کہتے ہیں، میاں صاحب عوام جان چکے ہیں چور کون ہے۔ میاں صاحب اور خان صاحب ایک ہی سکے کے دو رُخ ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری
”میاں“ کی ترقی کی طرح”خان“ کی تبدیلی بھی جھوٹ ہے: بلاول بھٹو
Jun 17, 2017