اسلام آباد + گوجرانوالہ (آن لائن+ نمائندہ خصوصی) وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان بھارت میچ کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان بھارت فائنل میچ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم دے دیا ۔ وزارت پانی و بجلی نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے طلب ورسد کی تفصیلات مانگ لیں اور وزیر اعظم کو جواب دیا کہ 18جون بروز اتوار کو میچ کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ گڈو پاور سٹیشن کی بحالی کے بعد پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور پاور سٹیشن سے بجلی کی پیداوار 1414 میگاواٹ ہو گئی ہے۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی اور سیکریٹری پانی و بجلی نے گدو پاور سٹیشن سے بجلی کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ پر جینکوز اور گدو کی انتظامیہ کو مبارکباد دی ہے۔ دریں اثناء گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شہرمیں ماہ صیام کا تیسرا عشرہ شروع ہوتے ہے گوجرانوالہ شہر اور گردونواح میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ طول پکڑ گیا ہے، سارا دن بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہتی ہے جبکہ سحر ی و افطاری کے اوقات میں بھی شہر کے اکثر مقامات پر بجلی غائب رہتی ہے ، جس کے باعث نہ صرف لوگ اندھیرے میں ہی سحری اور افطاری کرتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ماہ صیام سے قبل حکومتی وزراء نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور سحری و افطارے کے دوران سو فیصد بجلی کی یقین دہانی کروائی تھی جو رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں بھی پوری نہ ہو سکی۔ دوسری طرف گیپکو حکام کا کہنا ہے کہ تیسرے عشرے میں بجلی کی مانگ میں اضافہ ہو جاتا ہے جس کے باعث طلب اور رسد میں فرق بڑھ جاتا ہے اور سسٹم اوور لوڈ ہونے کے باعث ٹرپنگ شروع ہو جاتی۔
پاکستان بھارت میچ، بجلی بند نہ کی جائے‘ وزیراعظم گوجرانوالہ میں لوڈ شیڈنگ جاری
Jun 17, 2017