راولپنڈی (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار ہے اور آپریشن رد الفساد کے ذریعے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو اکھاڑ دیا جائیگا، دوسروں پر الزام تراشی سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوگا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق سپہ سالار پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے گذشتہ روز نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار ہے اور ملک میں جاری آپریشن رد الفساد کے ذریعے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو مکمل طور پر اکھاڑ پھینکا جائیگا۔ ملک کو درپیش چیلننجز اور خطرات سے نمٹنے کیلئے قومی سطح پر جواب دینے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا کسی مذہب فرقے یا لسانیت سے کوئی تعلق نہیں پاکستان نے بغیر کسی تفریق کے دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑی ہے لیکن اپنی ذمہ داریوں سے آنکھیں بند کرکے صرف دوسروں پر الزام تراشی سے دہشت گردی کو شکست نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ ملک میں جاری آپریشن رد الفساد کے ذریعے دہشت گردی جیسی لعنت کا خاتمہ کردیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ صرف آنکھیں بند کرنے اور اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآہ ہونے یا کسی پر الزام لگانے سے دہشت گردی کو شکست نہیں دی جا سکتی جیسا کہ خطے میں کچھ ممالک کی جانب سے الزامات لگا کر کیا جا رہا ہے۔خطے کے کچھ ممالک اپنی کمزوریوں کا الزام دوسروں پر ڈال دیتے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ پاک فوج ملک کے دفاع اور سلامتی کیلئے پرعزم اور مکمل طور پر تیار ہے اور وہ پاکستانی قوم کے تعاون سے اپنا کردار جاری رکھے گی۔ آرمی چیف نے شرکا کو ملک کو درپیش داخلی اور خارجی چیلنجز سے آگاہ کیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خطرات سے نمٹنے کیلئے قومی حکمت عملی کی ضرورت ہے اس سے پہلے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جب نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پہنچے تو این ڈی یو کے پریذیڈنٹ لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر نے انکا استقبال کیا۔دریں اثنا ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کرکٹ لیجنڈ ویوین رچرڈز اور ایان چیپل نے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے دونوں سابق کرکٹرز کا پاکستان آنے پر شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے دونوں کرکٹرز کو عشائیہ دیا۔