شانگلہ (اے این این) خیبر پی کے کے ضلع شانگلہ میں پل گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد سمیت 8 جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔ بشام میں عید کی خریداری کے بعد شاہ توت میں اپنے گھروں کی جانب واپس لوٹنے والے افراد شانگلہ کے قریب رانیال کے علاقے میں حادثے کا شکار ہوگئے۔ مقامی پولیس عہدیدار حسین احمد کے مطابق ایک گاڑی جس میں 21 افراد سوار تھے جو بشام سے شاہ توت جارہی تھی تاہم رانیال کے علاقے میں پل گرنے سے 4 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے اور9 زخمی ہوگئے۔ انکا کہنا تھا کہ گاڑی کے ڈرائیور نے پل کے پاس سواریوں کو گاڑی سے اترنے کا کہا تاہم 6 بچے اور 2 خواتین اتریں جبکہ دیگر افراد بدستور سوار رہے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمی افراد کو بے شام کے ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچا دیا جہاں 4 مزید افراد دم توڑ گئے جبکہ دیگر زخمی افراد کو سیدو ٹیچنگ ہسپتال سوات منتقل کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد آپس میں رشتہ دار تھے اور عید کی خریداری کیلئے بشام آئے تھے جبکہ چار افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ جاں بحق افراد کی شناخت عزیزالرحمن، دلبر، بخوال، خائستہ مومن، بختیار، حیات الحق، گل حمید، فضل امین کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں وجاحت، حاجی اکبر، شیرمحمد، سلطان رحمن اور دیگر شامل ہیں۔