لاہور (وقائع نگار خصوصی) عدالت عالیہ لاہور کے نئے کمپیوٹرائزڈ نظام میں پائی جانے والی خامیاں دور نہ کرنے پر وکلاء نے عدالتی بائیکاٹ کر دیا۔ جس کے باعث مقدمات کی سماعت متاثر ہونے سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔عدالتی بائیکاٹ کے باعث وکلاء کی اکثریت اہم اور فوری نوعیت کے مقدمات کے علاوہ عمومی نوعیت کے مقدمات میں عدالتوں میں پیش نہیں ہوے۔لاہور ہائیکورٹ بار کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے بنائے جانے والے نئے کمپیوٹرائزڈ نظام کے باوجود نہ تو مقدمات کی تاریخوں کی اطلاع بروقت فراہم کی جاتی ہے نہ ہی متعلقہ بنچز میں کیسز لگائے جاتے ہیں جس سے وکلاء اور سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پرانے کمپیوٹرائزڈ نظام کو بحال کر کے اس میں مزید بہتری لائی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ آئی ٹی نظام بہتری نہ لائی گئی تو وہ آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
لاہور ہائیکورٹ: نئے کمپیوٹرائزڈ نظام کی خامیاں دور نہ کرنے پر وکلاء کا عدالتی بائیکاٹ
Jun 17, 2017