امریکہ آبنائے ہرمز سے تیل کی آزادانہ سپلائی کو یقینی بنائے گا:پومپیو

واشنگٹن(نیوز ڈیسک)امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے خلیج میں تیل بردار جہازوں پر حملوں کے حوالے سے ایران پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا خطے میں تیل کی آزادانہ رسد کو یقینی بنائے گا۔ فوکس نیوز کو ایک انٹرویو میں پومپیو نے کہا کہ ‘آپ کو یہ تصور کرنا چاہیے کہ ہم یہاں سے تیل کی آزادانہ سپلائی کو یقینی بنانے جارہے ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ ایک عالمی امتحان اور پوری دنیا کے لیے اہم ہے اور امریکا سفارتی اور دیگر تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے موثر نتائج حاصل کرے گا’۔خیال رہے کہ دنیا کی ایک تہائی تیل کی سپلائی آبنائے ہرمز سے گزرتی ہے۔قبل ازیں 13 جون کو خلیج عمان میں تیل بردار دو جہازوں پرحملہ کیا گیا تھا تاہم جہازوں کے عملے کو باحفاظت نکال لیا گیا تھا۔بعد ازاں سعودی عرب کا کہنا تھا کہ ساحل پر تخریب کاری کا نشانہ بنائے جانے والے 4 جہازوں میں سے 2 تیل بردار جہاز ان کے ہیں، جنہیں حملے میں شدید نقصان پہنچا تھا۔مشرق وسطیٰ میںآئل ٹینکر پر ہونے والے حملوں اور چین امریکا تجارتی کشیدگی کے پیش نظر عالمی معیشت پر دباؤ کے بعد سرمایہ کاروں اور تاجروں میں تشویش کی صورتحال پیدا ہونے پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا تھا۔متحدہ عرب امارات نے رواں ہفتے ہوئے حملے کے بعد عالمی برادری سے تیل کی سپلائی کو محفوظ بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن