گورو ارجن دیوجی کے شہیدی دن کی تقریب، پاکستان زندہ باد، بھارت مردہ باد کے نعرے

Jun 17, 2019

لاہور (خصوصی نامہ نگار)سکھ مذہب کے پانچویں گورو ۔گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن (جوڑ میلہ)کی مرکزی تقریب ، سکھ مذہب کے سینکڑوں افراد نے شرکت پاکستان زندہ باد، بھارت سرکار مردہ باد کے نعرے لگائے گئے۔پاکستان کے سکھ قوم کے لیے اقدامات کی تعریف، بھارت کی جانب سے سکھوں کے ساتھ رویہ کی شدید مذمت ،سکھ رہنمائوں نے خطاب بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق سکھ مذہب کے پانچو یں گورو ،گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کی مرکزی تقریب گورو دوارہ ڈیرہ صاحب میں منعقد ہوئی ،جس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور اعجاز عالم نے کہا کہ بھارت کا سکھ یاتریوں کو روکنا شرمنا ک رویہ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان مسلسل امن اور بھائی چارے کا پیغام دے رہے ہیں، تاکہ خطہ میں خوشحالی آئے۔ اور یہاں کے بسنے والے افراد سکھ اور چین کی زندگی بسر کر سکیں۔ چیئرمین متروکہ وقف املا ک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد نے کہاکہ ہم آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ بابا گورو نانک نے سکھ مسلم دوستی کے رشتے کی جو بنیاد رکھی تھی ہم اسے مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے کام کریں گے ۔ اقلیتوں کی خدمت کرنا ہمارا دینی اور آئینی فریضہ ہے ۔پاکستان سکھ گورو دواہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ نے کہاکہ حکومت پاکستان سکھ قوم کے لیے بہترین فلاحی اقدامات کر رہی ہے جس پر ہم انکے بے حد شکر گزار ہیں اور چیئرمین بورڈ کے اقدامات بھی قابل تعریف ہیں ۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری سردار مہندر پال سنگھ نے کہا کہ پاکستان اقلیتو ں کے لیے کسی جنت سے کم نہیں بابا گورو نانک کے نام سے منسوب یونیورسٹی جلد پایہ تکمیل تک پہنچے گی کرتار پور راہداری کے اقدام کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔سردار گوپال سنگھ چاولہ نے کہا کہ بھارتی حکومت کے سکھ قوم کے ساتھ رویہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔سردار رامیش سنگھ اروڑا ،سردا ر بشن سنگھ ،جسویر سنگھ ،ہر بھجن سنگھ ،ہر میت سنگھ ،راگی سنگھ جتھہ سمیت دیگر سکھ رہنمائوں نے خطاب کیا جبکہ ہندو رہنماء ڈاکٹر منور چاند ،سہیل رضا ،سیکرٹری بورڈ طارق وزیر ڈپٹی سیکرٹری عمرا ن گوندل فراز عباس ،پی آر او عامر حسین ہاشمی ،فضل ربی سمیت دیگر اقلیتی رہنمائو ں اور بورڈ افسران کی بڑ ی تعداد نے شرکت کی ۔آخر میں ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور مہمانوں میں گورو گھر کے خصوصی سروپے اور تحائف تقسیم کیے گئے ۔ ترجمان بورڈ کے مطابق بھارت واہگہ بارڈر کے راستے پیدل آنے والے راگی سنگھ جتھہ کے ارکان اپنی یاترا مکمل کر کے واپس روانہ ہوں گے۔

مزیدخبریں