سعودی فورسزنے حوثی باغیوں کا ڈرون مارگرایا، یمن میں ٹھکانوں پر فضائی حملے

صنعا (آئی این پی+ شِنہوا+ آن لائن)سعودی اتحادی طیاروں نے حوثی باغیوں کے خلاف یمن کے دارالحکومت صنعا میں کارروائی کی۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ال ڈیلامی ہوائی اڈے اور فوجی کیمپ کو نشانہ بنایا گیا تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، فضائی حملے کئی گھنٹے تک جاری رہے۔ سعودی ذرائع کے مطابق فضائی حملے میں کارروائی کے دوران بلاسٹک میزائل اور ایک بم بردار ڈرون تباہ کردیا گیا جو سعودی عرب کے شہر ابہا کی فضائوں میں آیا تھا، حالیہ ہفتوں کے دوران حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب کے خلاف کئی ڈرون اور میزائل حملوں کی کوشش کی گئی ہے۔ سعودی فورسز نے یمنی باغیوں کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی نے اتوار کو بتایا بغیر پائلٹ کے اس طیارے نے جنوبی شہر ابہا کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔ بیان کے مطابق اس ڈرون کو تباہ کر دیا گیا اور یہ کہ اس کے نتیجے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ ایران نواز حوثی باغیوں نے کہا ہے کہ یمن میں سعودی عسکری اتحاد کی بمباری کے جواب میں یہ کارروائی کی گئی۔ یہ شیعہ باغی ماضی میں بھی سعودی عرب میں حملوں کی کوشش کر چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن