لاہور (سٹاف رپورٹر) ایران پاک فیڈریشن اور خانیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ پانچ برآمدی انڈسٹریز سے زیرو ریٹنگ رجیم واپس لینے اور 17فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ سے برآمدات تباہ ہو جائیں گی ،اس اقدام سے نہ صرف نئی سرمایہ کاری رک جائے گی بلکہ برآمدات میں بھی 150ارب روپے کی کمی کا خطرہ ہے ،حکومتی اقدامات سے پیداواری لاگت میں اضافہ جبکہ ٹیکس چوری بھی بڑھے گی۔ اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت جی ڈی پی گروتھ سے زیادہ اہم ملک کو موجودہ معاشی بحران سے نکال کر درست ٹریک پر ڈالنا ہے ۔ٹیکس نیٹ میں اضافے کیلئے وفاقی بجٹ میں کوئی ٹھوس اقدامات تجویز نہیں کئے گئے اور ڈنگ ٹپائو پالیسیوں پر اکتفا کیا کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ٹیکس نیٹ میں اضافہ نہ ہونے کے مرض کی تشخیص چاہتی ہے تو اس کیلئے سب سے پہلے خوف و ہراس کے سائے ختم کر کے دوستانہ ماحول کو فروغ دینا ہوگا۔