جماعت اسلامی کی مہنگائی کیخلاف ملک گیر تحریک مال روڈ پر ریلی

Jun 17, 2019

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم مہنگائی ، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف ہر بڑے شہر میں عوامی مارچ کریں گے۔ 23 جون کو فیصل آباد میں عوامی مارچ ہوگا ۔ ہم ملک و قوم کو آئی ایم ایف کی غلامی سے آزاد کرانے اور مہنگائی و بے روزگاری کی دلدل سے نکالنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کنیٹنر پر چڑھ کر 5 سال تک عوام کو سبز باغ دکھاتی رہی۔ وزیراعظم سابقہ حکومتوں کے دس سال کے قرضوں کا ضرور حساب کتاب کریں مگر انہوں نے دس ماہ میں جو قرضے لیے ہیں ، اس کا بھی حساب ہونا چاہیے۔ اسلام آباد کے قبرستان میں موجود بے ضمیر مردوں کا بھی احتساب ضروری ہے۔ سود پاکستان کو کھا رہا ہے اور اس کا مقصد ہی سودی قرضوں میں جکڑ کر ہماری آزادی کو سلب کرنا ہے۔ وزیر سائنس غربت اور بھوک سے پریشان لوگوں کو فلمیں دکھانے کی بات کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ گیارہ سو سینما گھر تعمیر کریں گے۔ ایسے لگتا ہے کہ حکمرانوں کے ہاں شرم نام کی کوئی چیز نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مال روڈ لاہور پر مہنگائی ، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام بڑے عوامی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، عبدالغفار عزیز، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔ عوامی مارچ سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم نے منتخب ہونے کے بعد قوم سے وعدہ کیا تھاکہ وہ کبھی جھوٹ نہیں بولیں گے لیکن اب وہ ہر بات پر یوٹرن لینا ضروری سمجھتے ہیں۔ وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے خود کشی کو بہتر قرار دیا تھا مگر اب انہوںنے ملک کا معاشی نظام اور قومی خزانہ آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے مدینہ کی اسلامی ریاست کی بات کی تھی اب نہ صرف اس عظیم اسلامی ریاست بلکہ صحابہ کرام ؓ کی اہانت سے بھی نعوذباللہ نہیںچوکتے۔ دوائیوں کی قیمتوں میں دو سو فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اب غریب روٹی کھائے یا علاج کرائے۔ انہوں نے کہاکہ آٹا ، گھی اور دالیں اتنی مہنگی ہوگئی ہیں کہ عام آدمی کے لیے سانس لینا مشکل ہوگیا ہے۔ ایک طرف عوام غربت اور مہنگائی کے ہاتھوں فاقوں پر مجبور ہیں اور دوسری طرف صدر صاحب کے گھر میں طوطوں کے پنجر ے کے لیے لاکھوں روپے کے ٹینڈر دیے جارہے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی حکومت کی بے حسی اور عوام کی بے بسی پر اب خاموش نہیں رہے گی ، ہم اس ظلم و جبر کے خلاف قوم کو منظم کریں گے اور بھر پور تحریک چلائیں گے ۔ ہمارے احتجاج کا مقصد عوامی کی ترجمانی ہے ، ہم ملک و قوم کو مہنگائی اور آئی ایم ایف سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ ہم کسی ایسے احتجاج میں نہیں جائیں گے جس کا مقصد لوگوں کو جیلوں سے چھڑانا ہے۔ عوامی مارچ میں زندہ دلان لاہور نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی، مارچ میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔

مزیدخبریں