نیویارک (بی بی سی)امریکی ریاست نیویارک کے قانون سازوں نے ریاست میں خسرے کی وبا پھیلنے کے بعد سکولوں میں بچوں کو ٹیکہ لگائے جانے کے معاملے میں مذہبی بنیادوں پر دیے جانے والے استثنیٰ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس قانون کے منظور کیے جانے کے بعد ریاستی اسمبلی میں ہنگامہ خیز مناظر دیکھنے میں آئے جس میں ٹیکے کی مخالفت کرنے والوں کو قانون سازوں کے ساتھ دست و گریبان دیکھا گیا۔نیویارک میں پھیلنے والی وبا زیادہ تر قدامت پسند یہودی برادریوں میں پائی گئی ہے۔ خیال رہے کہ وہ مذہبی بنیادوں پر ویکسین سے اب تک پرہیز کرتے رہے ہیں۔رواں سال امریکہ میں ایک ہزار سے زیادہ امریکیوں میں خسرے کے مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔ محکمہِ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ ’بیماری پھر سے سر اٹھا رہی ہے۔‘