کراچی (سٹی نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی سیکریٹری اطلاعات شاہینہ سعیدہ نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام لینے والے پہلے اپنی نو ماہ کی کارکردگی عوام کو بتائیں، بڑے بڑے وعدے کرنے والے نااہل ابھی تک غریب عوام سے کیا گیا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کر سکے۔گذشتہ روزکراچی پریس کلب پر پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کے تحت آصف علی زرداری کی غیر قانونی گرفتاری اور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے شاہینہ سعیدہ نے کہا ہے کہ ہم سابق صدر آصف علی زرداری کی غیر قانونی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ سلیکٹڈ وزیراعظم پارلیمنٹ میں آتے ہوئے بھی گھبراتے ہیں کیونکہ وہ سیاسی مخالفین کے سوالوں کا جواب نہیں دے سکتے۔ مہنگائی سے عوام کا رجحان ہٹانے کے لیے سلیکٹڈ حکومت اور ان کا سلیکٹڈ نیب اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے سیاسی مخالفین کو جیل میں ڈال کر ملک کو نیلام کرنا چاہتی ہے جو پہلے ہی ان کی ناقص کارکردگی اور پالیسیوں کی صورت میں نظر ہو رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کا اصل مسئلہ اٹھارویں آئینی ترمیم ہے یہ ملک میں صدارتی نظام لانا چاہتے ہیں جو پاکستان پیپلز پارٹی ہرگز نہیں ہونے دے گی جمہوریت کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کے لیڈران و کارکنان نے بڑی قربانیاں دی ہیں جمہوریت کے خلاف کوئی بھی اقدام برداشت نہیں کیا جائیگا۔