لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ پولیس افسران کورونا وائرس سے متاثرہ علاقوں میں حکومتی ہدایات کے مطابق لاک ڈاؤن پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ہیلتھ ایڈوائزری کے تحت شہر کے 32 مختلف پوائنٹس پر لاک ڈاؤن کے تحت پولیس ناکے لگائے جائیں گے۔لاہور پولیس کے 3ہزار سے زائدپولیس افسران و جوان سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔پولیس کے حفاظتی اقدامات لوگوں کی صحت کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے ہیں،شہریوں کاتعاون درکار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں مخصوص ایریاز میں لاک ڈاؤن سٹریٹیجی بارے اہم اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔
اجلاس میں مخصوص علاقوں میں لاک ڈاؤن کے دوران ممکنہ درپیش چیلنجز، آپریشنل سٹریٹیجی اور لاجسٹکس بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایس ایس پی آپریشنز عبادت نثارنے ڈی آئی جی آپریشنز کو لاک ڈاؤن کے حوالے سے پلان آف ایکشن بارے بریفنگ دی۔ ڈی آئی جی آپریشنزاشفاق خان نے کہا کہ تمام لاجسٹک انتظامات قبل از وقت مکمل کر لئے جائیں۔سٹی ڈویژن کے 5، کینٹ کے 12، ماڈل ٹاؤن کے 5،اقبال ٹاؤن کے 4، صدر کے5 جبکہ سول لائنز ڈویژن کا1 علاقہ میں لاک ڈاؤن ہوگا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد رات 12 بجے سے ہوگا، رہائشیوں کو عملدرآمد سے قبل لاک ڈاؤن کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔ لاک ڈاؤن شدہ علاقوں میں گراسری اور میڈیکل سٹورز کھلے رہیں گے۔اشفاق خان نے کہا کہ لاک ڈاؤن علاقوں میں تعینات پولیس افسران و اہلکاروں کو ماسک، حفاظتی لباس، گلوز، سینیٹائزر اور فیس شیلڈز فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت، ٹریفک اور ضلعی انتظامیہ کی بھرپور مشاورت اور معاونت سے لاک ڈاؤن یقینی بنائیں گے۔
پولیس افسرلاک ڈاؤن پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں:ڈی آئی جی آپریشنز
Jun 17, 2020