اسلام آباد( وقائع نگارخصوصی)آٹھ رکنی مرکزی جلوس میلاد کمیٹی اسلام آباد کے چیئرمین پیر سید محمد علی واسطی نے کہا ہے کہ خواجہ ابو الخیر پیر محمد عبداللہ جان سجادہ نشین دربار عالیہ مرشد آباد شریف پشاور ،تحریک ختم نبوت اور تحریک نظام مصطفی کے عظیم سپہ سالار تھے ،ساری زندگی محبت رسول ؐ، اطاعت ر سول ؐ اور غلامی رسولؐ کا درس دیتے ہوئے بسر کی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ ابوالخیر پیر محمد عبداللہ جان کی خدمات کو صدیوں یاد رکھاجائے گا۔ جنہوںنے اپنی ساری زندگی نفاذ اسلام کے لیے جہدوجہد کرتے ہوئے بسر کی ، صدارت ممتاز مذہبی سکالر علامہ پیر عبید احمد ستی ،سجادہ نشین آستانہ عالیہ نقشبندیہ ،مجددیہ ، عبیدیہ ، صوبائی ناظم اعلی جماعت اہلسنت پاکستان نے کی ،پیرعبید احمد ستی نے کہا کہ خواجہ ابوالخیر پیر محمد عبداللہ جان عالمی مبلغ اسلام تھے پوری دنیا میں اسلام کی اشاعت و تبلیغ میںساری زندگی بسر کی ۔ دنیا میںسینکڑوں لوگوں نے آپ کے ہاتھ پر بیعت کر کے اسلام قبول کیا ۔ پیر غلام ربانی اختر القادری نے کہا کہ خواجہ ابوالخیر پیر محمد عبداللہ جان جیسی شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔ معروف عالم دین علامہ ابوالفضل ،الحاج عبدالغنی نقشبندی ،صدر تنظیم علماء اہلسنت اسلام آباد، پیر سید عبدالقادر شاہ گیلانی ، نوید الحق اعوان ، شیخ محمد انور حسین الخیری ، سردار محمد رمضان قادری ،چوہدری عبدالغفور سمیت درجنوں میلاد کمیٹی کے عہدیداران نے خطاب کیا ۔ خواجہ ابوالخیر پیر محمد عبداللہ جان رحمتہ اللہ سجادہ نشین دربار عالیہ مرشد آباد شریف پشاور کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی ، نعت خوانی ، درود و سلام کے بعد معروف عالم دین شیخ الحدیث و تفسیر علامہ مفتی گلزار احمد نعیمی ،پرنسپل جامعہ نعیمیہ اسلام آباد نے خصوصی دعا کرائی ۔
پیر عبداللہ جان تحریک ختم نبوتؐ کے عظیم سپہ سالار تھے،پیر سید محمد علی واسطی
Jun 17, 2020