کورونا، پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 136 اموات 

Jun 17, 2020 | 09:51

ویب ڈیسک
کورونا، پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 136 اموات 
کورونا، پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 136 اموات 

اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب ریکارڈ 136 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 975 ہو گیا ہے۔ 

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 839 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 54 ہزار 760 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 58 ہزار 437 مریض صحت یاب ہو گئے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 58 ہزار 239 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 57 ہزار 868، خیبرپختونخوا میں 19 ہزار 107، بلوچستان میں 8 ہزار 437، اسلام آباد میں 9 ہزار 242، آزادکشمیر میں 703 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 164  کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 149 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 886، خیبر پختونخوا میں 731، اسلام آباد میں 90، گلگت بلتستان میں 17، بلوچستان میں 89 اور آزاد کشمیر میں 13 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 28 ہزار 117 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 9 لاکھ 50 ہزار 782 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گیں۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسزاوراموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔  معاون خصوصی نے کہا کہ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر بھی مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے گنجان آباد علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ ہیں۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

مزیدخبریں