اسلام آباد : صدرمملکت عارف علوی ،وزیراعظم عمران خان سمیت اہم سیاسی شخصیات نے معروف ٹی وی میزبان طارق عزیز کے انتقال پر گہرے دکھ اوررنج کا اظہار کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خا ن نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں طارق عزیز کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے لکھا کہ طارق عزیز کے انتقال کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا ، طارق عزیز اپنے عہد کی جانی پہچانی شخصیت تھے ، پاکستانی ٹی وی شو کے گیمز شو کے بانی شمار ہوتے تھے۔
طارق عزیز کے انتقال پر صدر مملکت عارف علوی نے ان کے اہل خانہ سے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ صدرمملکت نے کہا کہ طارق عزیز نے فن کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دیں ۔
وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے طارق عزیز کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طارق عزیز نے دہائیوں تک پی ٹی وی کے ذریعے پاکستانی عوام کو تعلیم و تفریح فراہم کی۔ وہ اعلی فنکارانہ صلاحیتوں کی حامل ادبی شخصیت تھے، طارق عزیزلوگوں کے دل میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے نامور میزبان طارق عزیز کے انتقال پررنج وغم اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو، ٹی وی، فلم کے ہر میڈیم پر طارق عزیز نے اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا، وہ علم وادب اور فنون لطیفہ سے محبت رکھنے والے انسان تھے، پاکستان ان کے ایمان کا حصہ تھا،وہ وطن کی پہچان، اس کی ’دعا‘ اور ’پاکستان زندہ باد کی پرجوش آواز تھے۔اللہ تعالی انہیں اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ،چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی،وزیراعلی ٰ پنجاب عثمان بزدار اور کے پی محمود خان ، گورنر پنجاب چوہدری سرور ،گورنر سندھ عمران اسماعیل ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اوروزیرداخلہ اعجاز شاہ نے طارق عزیز مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
صدرمملکت ، وزیراعظم عمران خان کا طارق عزیز کے انتقال پراظہارافسوس
Jun 17, 2020 | 15:05