دبئی(آئی این پی)نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ کے ہاتھوں نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن سے محروم ہوگئے ہیں۔32سالہ سٹیو سمتھ نے گذشتہ سال باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے بعد پہلی بار نمبر پوزیشن سنبھالی ہے۔ لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 13رنز بنانے کے بعد انجری کے سبب انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن میں دوسرا ٹیسٹ نہ کھیلنے والے کین ولیمسن اب سٹیو سمتھ کے 891ریٹنگ پوائنٹس سے 5پوائنٹس پیچھے ہوگئے ہیں اور بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔دوسری طرف میٹ ہنری کے میچ میں مجموعی طور 6شکاروں نے انہیں کیریئر کے بہترین 307 پوائنٹس اور 64ویں پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔ اعجاز پٹیل نے اپنے پوائنٹس کی تعداد 323تک پہنچادی ہے۔ڈیون کونوے مشترکہ 61ویں پوزیشن پر ہیں۔ ڈین لارنس کی پہلی اننگز کے ناقابل شکست 81 رنز نے انہیں 16درجے ترقی کے ساتھ کیریئر کے بہترین 396پوائنٹس تک پہنچا دیا ہے۔پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور 63رنز سے ویسٹ انڈیز کیخلاف کامیابی کے بعد جنوبی افریقی کھلاڑیوں نے بھی اپنی درجہ بندی بہتر بنالی ہے۔ ڈی کوک جو 141رنز کی ناقابل شکست کھیل کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے نے دسمبر 2019 کے بعد 11درجے ترقی پائی ہے اور اب وہ مشترکہ طور پر چیتشور پجارا کے ساتھ 12ویں پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ ان کے ہم وطن ایڈین مارکرم 2 درجے ترقی پاکر 14ویں پوزیشن پر ہیں ۔ دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے پیسر کگیسو ربادا2 درجے ترقی کے بعد 7ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انریچ نورٹجی اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ میچ میں 7وکٹیں حاصل کرکے ٹاپ 30 میں شامل ہوئے ہیں جبکہ لونگی اینگیڈی پہلی اننگز میں پانچ وکٹوں کے ساتھ 14 درجے ترقی پاکر 44 ویں پوزیشن پر ہیں۔
اسٹیواسمتھ نے کین ولیمسن سے پہلی پوزیشن چھین لی
Jun 17, 2021