اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیرخزانہ کی تقریرکے دوران اپوزیشن احتجاج پارلیمانی روایت ہے، اس میں ماراماری تھی نہ گالی گلوچ، ہنگامے سے پہلے سپیکر چیمبر میں اپوزیشن اور حکومت کے مابین ایوان کا ماحول ٹھیک رکھنے اور ایک دوسرے کی بات سننے کا فیصلہ ہوا۔ ان خیالات کااظہار خواجہ سعد رفیق نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزرا وزیر اعظم سے ہدایات لینے گئے ، لوٹنے پر واضح کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو تقریر نہیں کرنے دی جائیگی ، صلح صفائی بعد میںہو گی ۔ سو اپوزیشن لیڈر کی تقریرروکنے کیلئے ڈکٹیٹرحکمران کے اعلانیہ حکم پروزراء غلیظ گالیوں،بجٹ بکس مارنے اورشرمناک ہلڑبازی کی انتہا کردی۔ دراصل تبدیلی سرکار نے اپنی حکومت اوراسمبلی کی قبرخود ہی کھودڈالی ہے ۔ انکا بس چلے تو مخالفین کے سرکاٹ ڈالیں ۔ الامان۔