لاہور (سٹی رپورٹر،سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں کشمیر سوسائٹی کے زیر اہتمام کشمیریوں اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سیمینار کا انعقادکیا گیا۔ وزیربرائے ہاؤسنگ واربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے خصوصی شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ نئی نسل مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے زیادہ آگاہ،فکرمند اور متحرک ہے، آزادی کے حصول کے لیے حزب اللہ، حماس اور فلسطینیوں کا جوش و جذبہ قابل دید ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کیااور بین الاقوامی سطح پر اسرائیلی جارحیت کی بھی بھرپورمذمت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں کشمیر سوسائٹی بنانے سے یوتھ موومنٹ بنی،اب یونیورسٹی میں فلسطین سوسائٹی بھی قائم کرنے جا رہے ہیں،تاکہ ہمارے طلباء فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرسکیں۔