پارلیمنٹ ناکام‘ وزیراعظم نے ایک بھی وعدہ پورا کیا  تو سامنے لائیں: سراج الحق 

لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ قوم کی حقیقی ترجمانی کرنے میں ناکام ہوگئی۔ عوامی نمائندوں کو عوام کا احساس ہو تو اسمبلیاں میدان جنگ میں تبدیل نہ ہوں۔ سیاست سے اخلاقیات کب کی روانہ ہوچکی۔ حکومت نے تین سالوں میں بائیس کروڑ پاکستانیوں کومصیبت اور پریشانی کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ وزیراعظم نے ایک بھی وعدہ پورا کیا ہے تو سامنے لائیں۔ بجٹ کے دو دن بعد عوام پر پٹرول بم گرادیا گیا۔ یہی ڈگر چلتی رہی تو پٹرول کی فی لٹر قیمت 150روپے تک جانے کا خطرہ ہے۔ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرے ورنہ سڑکوں پر آئیں گے۔ پی ٹی آئی کی خارجہ پالیسی کمزوری اور بے بسی کا نشان بن کر رہ گئی۔ پھر کہتا ہوں کشمیر پر سودے بازی کا مقابلہ کریں گے۔ اجتماعی اور انفرادی طور پر رجوع الی اللہ کرنے کی ضرورت ہے۔ لوگ سیرت نبویؐ کا مطالعہ اور اس کی پیروی کریں۔ مشکلات کے بعد آسانی کے دروازے کھلتے ہیں۔ یقین سے کہتا ہوں پاکستان کی مشکلات ختم ہو جائیں گی۔ جماعت اسلامی عوام کی مدد سے ملک میں نظام مصطفیؐ لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ  پی ٹی آئی نے تبدیلی کے بلند و بانگ دعوے کیے مگر ان میں سے ایک بھی پایہ تکمیل کو نہیں پہنچا۔ تین سال گزارنے کے بعد پی ٹی آئی کے ووٹرز اور سپورٹرز کی اکثریت بھی یہ بات کہنے پر مجبور ہے کہ الیکشن میں ان سے غلطی ہوئی۔ نوجوان مستقبل سے مایوس نظر آرہے ہیں۔ تاجر چھوٹے کاروباری حضرات بھی پریشان ہیں۔ اقتدار میں آکر انصاف لوگوں کی دہلیز پر پہنچائیں گے اور ملک کے تمام اداروں میں ریفارمز لائی جائیں گی۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...