نئی اسمبلی بلڈنگ کو آیات ختم نبوت سے مزین کرنے پر ڈپٹی سپیکر کی پرویز الٰہی کو مبارکباد 

Jun 17, 2021

 لاہور (خصوصی نامہ نگار)  سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری نے  ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔  سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ ڈپٹی سپیکر نے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں ختم نبوتﷺ کے حوالے سے قرآنی آیات و احادیث مزین کرنے پر چودھری پرویزالٰہی کو مبارکباد دی۔ پرویزالٰہی نے ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں، پارلیمنٹرین، پنجاب کے وزراء اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں ختم نبوتﷺ کے حوالے سے قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ مزین کرنے کے عمل کو سراہنے پر شکر گزار  ہوں۔ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کو نہ صرف ایشیا کی سب سے بڑی پارلیمانی عمارت ہونے کا اعزاز حاصل ہے بلکہ ختم نبوتﷺ کے حوالے سے آیات و احادیث مزین کرنے کے حوالے سے بھی پہلی عمارت کا اعزاز حاصل ہے۔  اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کے قاری حنیف جالندھری، مفتی منیب الرحمن، مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل شاہ بخاری، متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے سربراہ اور وفاقی بین المذاہب ہم آہنگی کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی، علامہ احتشام الٰہی ظہیر، علامہ ہشام الٰہی ظہیر، شعبان ختم نبوت، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، جمعیت علماء اسلام کے مولانا عبدالرئوف فاروقی، پاکستان شریعت کونسل کے مولانا زاہد الرشدی، انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے سربراہ مولانا محمد الیاس چینوٹی نے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کے اس اقدام کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا چودھری پرویزالٰہی نے تمام مسلمانوں کے دل جیت لیے ہیں۔ 

مزیدخبریں