کراچی میں آج اور  جمعے کو ہلکی بارش کی پیشگوئی:محکمہ موسمیات

Jun 17, 2021 | 10:31

ویب ڈیسک

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج اور  جمعے کو ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ معمول سے زیادہ بارشوں کی صورت میں شہر میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ہے ۔

اندرون سندھ میں پری مون سون بارشیں ہفتے کے روز سے شروع ہوں گی۔ مون سون بارشیں جولائی سے ستمبر تک ہونے کا امکان ہے۔

کراچی میں آج مطلع ابر آلود رہے گا۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور 8 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ آج دن میں درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

سکھر، روہڑی اور پنوعاقل سمیت گردونواح میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گولیمار کے علاقےمیں گھر کی دیوار گرنے سے دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔

بارش کے باعث سیپکو کے 80 سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل  ہو چکی ہے۔

گزشتہ روز ملک بھر میں بادل برسے تو ٹھنڈی ہواوں اور ژالہ باری نے موسم ٹھنڈا کر دیا۔ ایبٹ آباد میں بارش  سے موسم سرد ہو گیا۔

ایوبیہ، ٹھنڈیانی اور نتھیا گلی میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی ۔ مری میں  بارش نے موسم سرد کردیا۔

شانگلہ میں بھی بارش ہوئی۔ صوابی اور لوئر دیر میں بھی بادل جم کر برسے۔ کھاریاں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

منڈی بہاالدین میں آندھی چلی تو بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔ پنڈ دادنخان میں تیز ہواوں کے ساتھ مٹی کے طوفان سے نظام زندگی متاثر ہوا۔

چکوال اور دینہ میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ بارکھان میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔ میر پور  سمیت آزاد کشمیر کے چند علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔

مزیدخبریں