لاہور (سپورٹس رپورٹر ) شاہد آفریدی نے پی سی بی پر زور دیا ہے کہ وہ وائٹ بال کرکٹ کے بجائے ٹیسٹ کرکٹ پر توجہ مرکوز کرے تاکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو طویل فارمیٹ میں اپنی شناخت بنانے کی راہ ہموار کی جا سکے۔ سٹار آل راؤنڈر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پاکستان‘ بھارت ٹیسٹ سیریز ایشز کے مقابلے کو پیچھے چھوڑ دے گی۔ شاہد آفریدی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک روزہ ٹیسٹ سیریز میں شرکت کی امید بھی ظاہر کی۔سٹار کرکٹر نے دعویٰ کیا کہ پاکستان ‘بھارت ٹیسٹ سیریز ایشز کے مقابلے دنیا بھر میں زیادہ ناظرین اور فالوورز کو راغب کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔ شاہد آفریدی کو شائقین کی جانب سے دی جانے والی سیریز ’جناح گاندھی ٹرافی‘ کے لیے تجویز کردہ نام بھی پسند آیا۔ جو روٹ کے 9 سال کی محدود مدت میں 10,000 ٹیسٹ رنز مکمل کرنا ایک ایسا کارنامہ تھا جو یونس خان نے تقریباً 16 سال میں انجام دیا۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ پی سی بی کو مزید ٹیسٹ کرکٹ کا انعقاد کرنا چاہیے تاکہ کھلاڑی ریڈ بال کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں اور پاکستان کیلئے ریکارڈز بنا سکیں۔ انگلینڈ، آسٹریلیا، بھارت حتیٰ کہ جنوبی افریقہ جتنے ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں ان کی تعداد پاکستان سے کہیں زیادہ ہے۔ اس لیے پی سی بی کو مستقبل میں مزید ٹیسٹ سیریز کے انتظامات پر توجہ دینی چاہیے۔