اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے سے متعلق سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے تحریک انصاف کی انٹرا کورٹ اپیل جزوی طور پر منظور کرلی۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ڈویژن بنچ سے جاری فیصلہ میں عدالت نے ایک ماہ میں فیصلہ دینے کی حد تک سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات ایک ساتھ کرنے کی پی ٹی آئی کی درخواست نمٹا دی اور کہا کہ عدالت امید کرتی ہے الیکشن کمشن باقی جماعتوں کیخلاف کارروائی بھی مناسب وقت میں مکمل کرے گا، عدالت امید کرتی ہے کہ کارروائی شفاف انداز میں آگے بڑھائی جائے گی۔ عدالت کا کہنا ہے کہ الیکشن کمشن نے ابھی تک کوئی آرڈر پاس نہیں کیا، الیکشن کمشن کے نمائندے نے یقین دہانی کرائی کہ سب سیاسی جماعتوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔ الیکشن کمشن پر شک کی گنجائش نہیں کہ تمام جماعتوں سے ایک سا برتاؤ ہوگا، توقع ہے الیکشن کمشن تمام جماعتوں کے کیسز مناسب وقت میں نمٹائے گا۔