اسلام آبا د(خبر نگارخصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ جار ی اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستانی عوام کی طرف سے متحدہ عرب امارات کے سابق صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ شیخ خلیفہ مرحوم پاکستان کے دوست تھے، ان کی وفات دونوں ممالک کے لئے بڑا نقصان ہے۔ انہوںنے کہاکہ یو اے ای کے نئے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زید بن سلطان النہیان وڑنری اور ترقی پسند لیڈر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر شیخ محمد بن زید آنے والی نسلوں کی ترقی و خوش حالی کا انقلابی وژن رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دونوں قائدین دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی، سماجی سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مضبوط تعلقات اور روابط کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہماری حکومت نے نئی فلم و کلچر پالیسی پر عمل شروع کیا ہے،یو اے ای اے کے فلم سازوں اور سرمایہ کاروں کو فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ کامیاب دبئی ایکسپو کے انعقاد پر یو اے ای کی قیادت اور آرگنائزر کو مبارک پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دوبئی نمائش سے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے علاوہ معاشی مواقع میں اضافہ ہوا اور مختلف ممالک کی ثقافت کو فروغ ملا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ویڑن کے مطابق تجارت اور بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔یو اے ای کے سفیر نے مریم اورنگزیب کو وزارت اطلاعات کا منصب سنبھالنے پر مبارک دی ۔سفیر یو اے ای نے کہاکہ دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کے مطابق دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر یقین رکھتے ہیں۔
سفیر یواے ای کی ملاقات‘ تجارت کومزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں: مریم اورنگزیب
Jun 17, 2022